ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / کانگریس کو بی جے پی سے اخلاق سیکھنے کا برا وقت نہیں آیا: سدرامیا

کانگریس کو بی جے پی سے اخلاق سیکھنے کا برا وقت نہیں آیا: سدرامیا

Sat, 01 Apr 2017 01:33:52    S.O. News Service

بنگلورو:31/مارچ(ایس او نیوز)وزیر اعلیٰ سدرامیا نے بی جے پی کو رشوت خوروں کا ٹولہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ ان لوگوں سے اخلاقیات سیکھنے کا برا وقت ان پر نہیں آیا ہے۔ آج ننجنگڈھ میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ بی جے پی ریاستی عوام کو رشوت خور بنانا چاہتی ہے، ننجنگڈھ کے گولور دیہات میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ کانگریس کسی بھی فرد کو رقم تقسیم کرکے ووٹ نہیں مانگ رہی ہے،بلکہ گزشتہ چار سال کے دوران کئے گئے ترقیاتی کاموں کو پیش کرکے ووٹ طلب کررہی ہے، انہوں نے کہاکہ بی جے پی کا یہ الزام سراسر غلط ہے کہ ووٹوں کیلئے کانگریس کی طرف سے رقم تقسیم کی جارہی ہے، وزیراعلیٰ نے ووٹروں سے گذار ش کی کہ وہ بہکاوے میں نہ آئیں اور لالچ کا شکار نہ ہوں، بی جے پی جھوٹے وعدے کرکے ووٹروں کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ عوام اس کے جھانسے میں نہ آئیں، پچھلے چار سال کے دوران کانگریس نے کرناٹک کو بھوک سے آزاد کرنے کیلئے پوری مستعدی سے کام کیا ہے، اس مقصد کیلئے 4500کروڑ روپے صرف کئے گئے ہیں، ریاستی عوام کو مقوی غذا کی کمی کی شکایت دور کرنے کیلئے قدم اٹھائے ہیں۔ پی یو سی کے طلبا کو لیاپ ٹاپ کی تقسیم، ایک لیٹر دودھ پر پانچ  روپے تک کی ترغیبی قیمت، کسانوں کو تین لاکھ روپیوں تک کا بلاسودی قرضہ، خود کشی کرچکے کسانوں کے ورثاء کو پانچ لاکھ روپے معاوضہ، کسان کی بیوہ کو دو ہزار روپیوں کا ماہانہ پنشن، ریاست بھر میں تالابوں کی بھرتی کیلئے جامع منصوبہ وغیرہ شروع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس امیدواروں کی جیت سے ہی ان تمام فلاحی منصوبوں کو موثر طور پر نافذ کیاجاسکتا ہے۔ سدرامیا نے کہاکہ ریاست میں جب بی جے پی برسراقتدار تھی تو پسماندہ طبقات کی فلاح وبہبود کا خیال اسے نہیں آیا۔ اب جبکہ ریاستی حکومت ان طبقات کا خاص طور پر رعیتوں کی فلاح کا کام کرنا چاہتی ہے تو حکومت پر انگلی اٹھائی جاتی ہے، وزیر اعلیٰ نے بی جے پی کو اقلیتوں، پسماندہ طبقات اور کسانوں کی دشمن قرار دیا اور کہاکہ بی جے پی قائدین جھوٹے الزامات لگاکر عوام کو بے وقوف نہ بنائیں، ریاست کی ترقی کو بی جے پی کے ذریعہ ناممکن قرار دیتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ ننجنگڈھ اور گنڈل پیٹ کے ضمنی انتخابات میں کانگریس امیدواروں کی کامیابی صد فیصد یقینی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سابق وزیر سرینواس پرساد ننجنگڈھ حلقہ کی پچھلے ساڑھے آٹھ سال سے نمائندگی کررہے ہیں، لیکن اس حلقہ کی ترقی کیلئے وہ کچھ نہیں کرپائے، کانگریس امیدوار کلے کرشنا مورتی خدمت کے جذبے سے آگے آئے ہیں، اسی لئے عوام ان کا ساتھ دیں۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے آج صبح 9/ بجے سے شام چھ بجے تک ننجنگڈھ کے چنادا ہنڈی، ویر دیون پورہ سمیت مختلف مقامات کا دورہ کیا اور انتخابی مہم چلائی۔ ریاستی وزراء ایچ سی مہادیوپا اور دیگر وزیراعلیٰ کے ہمراہ رہے۔


Share: